عراق کے دارالحکومت بغداد میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب وکٹوریہ بیس پر عراقی مزاحمتی تنظیم نے ڈرونز اور راکٹوں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں روسی ٹی وی کے مطابق 10 امریکی فوجی ہلاک ہو گئے۔تاہم، ابھی تک یہ اطلاعات آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکیں۔ الجزیرہ کے مطابق حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی اور ابتدائی طور پر پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
مزاحمتی گروپ نے گزشتہ روز بھی وکٹوریہ بیس پر ڈرون حملے کی ویڈیو جاری کی تھی، جس سے حملے کی تصدیق کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس واقعے کے بعد بغداد میں سیکیورٹی سخت کر دی گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ایران کی جانب سے خلیجی ممالک پر ڈرون حملوں کی نئی لہر بھی شروع ہو گئی ہے۔ دبئی اور کویت انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حالیہ دنوں میں ڈرون حملے کیے گئے، جن سے ریڈار اور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا، لیکن ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ کویت میں اطالوی فوج کے اڈے پر بھی ڈرون حملہ ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
دبئی میڈیا آفس کے مطابق ڈرون حملے کے دوران ایئرپورٹ پر آئل ٹینکر متاثر ہوا، جس سے آگ بھڑک اٹھی، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
اماراتی وزارت دفاع نے بتایا کہ 28 فروری سے اب تک چار بیلسٹک میزائل، 15 کروز میزائل اور ایک ہزار 600 ڈرون حملوں کو ناکام بنایا گیا ہے، جس سے خطے میں جاری کشیدگی اور سلامتی کے خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔





