وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کے لیے بڑا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کا سرکاری ملازمین کے لیے بڑا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف نے عید الفطر کے پرمسرت موقع پر وفاقی سرکاری ملازمین کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کر دیا ہے۔

وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو عید سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کو احکامات موصول ہو چکے ہیں اور ادائیگیوں کے لیے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین کو عید کی خوشیوں میں بھرپور شرکت اور خریداری کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

دوسری جانب حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم کی منظوری کے بعد 20 اور 21 مارچ (جمعہ اور ہفتہ) کو عید کی چھٹیاں ہوں گی۔

یہ فیصلہ ہفتے میں 5 اور 6 دن کام کرنے والے تمام دفاتر کے لیے یکساں طور پر لاگو ہوگا۔

واضح رہے کہ 22 مارچ کو اتوار کی ہفتہ وار تعطیل اور 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی مناسبت سے پہلے ہی سرکاری چھٹی مقرر ہے۔ اس طرح وفاقی سرکاری ملازمین کو جمعہ سے پیر تک مسلسل 4 چھٹیاں میسر ہوں گی۔

Scroll to Top