پہاڑوں پر برف، شہروں میں بارش، خیبر پختونخوا میں سردی دوبارہ لوٹ آئی

پہاڑوں پر برف، شہروں میں بارش، خیبر پختونخوا میں سردی دوبارہ لوٹ آئی

خیبر پختونخوا میں پچھلے ایک ہفتے سے وقفے وقفے سے بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں جاتی سردی لوٹ آئی ہے۔ پشاور شہر و نواح میں بھی صبح سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم میں خنکی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

چترال کے اپر اور لوئر اضلاع کے بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے، جبکہ اپر چترال کے پہاڑی علاقے مکمل طور پر سفید چادر سے ڈھک گئے ہیں۔ دیر بالا، کالام، سوات، شانگلہ اور دیگر اضلاع میں بھی پہاڑوں پر برفباری دیکھی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود یا ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اضلاع میں سرد موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔

موسمیاتی ادارے کے مطابق چترال، دیر بالا و زیریں، مالاکنڈ، بونیر، سوات، شانگلہ، کوہستان بالا و زیریں، کولائی پالس، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بٹگرام، تورغر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی توقع ہے۔

اسی طرح ہری پور، باجوڑ، مہمند، مردان، صوابی، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، بنوں، کوہاٹ، کرک، ہنگو، کرم اور اورکزئی میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ممکن ہے۔

مزید برآں، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور شمالی و جنوبی وزیرستان میں وقفے وقفے سے گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور بلند پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔ بعض مقامات پر تیز موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

گزشتہ روز ریکارڈ شدہ بارش کے مطابق پشاور میں 2 ملی میٹر، چترال 4، تیمر گرہ 5، دیر 8، کالام 13، دروش 3 اور سیدو میں 3 ملی میٹر بارش ہوئی۔ دیگر مقامات میں ڈیرہ میں 4، مالام جبہ 6، پارا چنار 34، لنڈی کوتل 10 اور بنوں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔

Scroll to Top