شمالی وزیرستان میں پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاک افغان سرحد پر دراندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی، جس کے نتیجے میں متعدد دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی آپریشن ’’غضب للحق‘‘ کے تحت کی گئی، جس کے دوران افغان طالبان اور فتنہ الخوارج کے خلاف مؤثر اور منہ توڑ کارروائیاں جاری ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مواز کلے کے سرحدی علاقے میں دہشتگرد دراندازی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم پاک فوج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے عزائم ناکام بنا دیے۔
کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے کمپاؤنڈز اور ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا، جس سے ان کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا۔ ذرائع کے مطابق متعدد دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ باقی اپنی پوزیشنز چھوڑ کر فرار ہو گئے۔
سکیورٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ علاقے میں سکیورٹی کو مزید مضبوط بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ دراندازی کو روکنے کے لیے پاک فوج مکمل طور پر چوکس ہے۔
حکام کے مطابق اس آپریشن کا مقصد نہ صرف دہشتگرد عناصر کا خاتمہ ہے بلکہ شمالی وزیرستان میں امن و امان کو یقینی بنانا اور عوام کی جان و مال کا تحفظ بھی ہے۔ آپریشن “غضب للحق” اپنے اہداف کے حصول تک جاری رہے گا۔





