وزیر اعظم نے کم آمدنی والے افراد کو خوشخبری سنادی

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے افراد کے لیے رہائش کی فراہمی کو حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں ہاؤسنگ کے شعبے میں بہتری، اصلاحات اور عام شہریوں کے لیے سستے گھروں کی دستیابی پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کم لاگت ہاؤسنگ منصوبوں کو فروغ دینا، نجی شعبے کو اس میدان میں شامل کرنا اور شہری سہولیات کو بہتر بنانا حکومت کی بنیادی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے ہاؤس فنانس اسکیموں کو عام آدمی تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے لیے اقدامات تیز کرنے پر بھی زور دیا۔

اجلاس کے دوران حکام نے وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اسٹریٹجک روڈ میپ پر بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ تعمیراتی شعبے میں ٹیکس نظام کو بہتر بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مشاورت ہو رہی ہے۔

بریفنگ میں مزید آگاہ کیا گیا کہ ہاؤس مورٹگیج اصلاحات کے مسودے پر کام جاری ہے، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائشی منصوبوں کا فریم ورک بھی تیار کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کابل حملے کی جگہ تک رسائی محدود، افغان طالبان نے کابل حملے کی جگہ تک صرف چند ویڈیو گرافرز کو جانے کی اجازت دی،سکائی نیوز

حکام کے مطابق رئیل اسٹیٹ کے شعبے کو منظم کرنے کے لیے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام کی تجویز زیر غور ہے۔ اس کے علاوہ ہاؤس فنانس کو فروغ دینے کے لیے رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹ سے متعلق اقدامات پر وزارت خزانہ، ایف بی آر اور صوبائی ادارے مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، اعظم نذیر تارڑ، احد چیمہ، شزا فاطمہ خواجہ سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Scroll to Top