کراچی: تیز آندھی، گرج چمک اور بارش، دیواریں اور درخت گرنے سے 17 افراد جاں بحق

کراچی میں تیز آندھی اور موسلا دھار بارش نے تباہی مچا دی، مختلف حادثات کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔

شہر کے مختلف علاقوں بشمول نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، ایف بی ایریا، صدر اور کلفٹن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی۔

اس کے علاوہ کینٹ، ریلوے کالونی، دہلی کالونی، گلشن اقبال، گلشن جمال اور گارڈن کے علاقوں میں بھی آندھی کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

معین آباد، عالمگیر سوسائٹی، شادمان ٹاؤن، گلشن اقبال، ڈیفنس کے مختلف فیزز، اختر کالونی، کشمیر کالونی اور نارتھ کراچی کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہواؤں کی رفتار خطرناک حد تک ریکارڈ کی گئی، شارع فیصل پر ہوا کی رفتار 90 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ ماڑی پور میں 97 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی، جس کے باعث کئی مقامات پر درخت اور سائن بورڈ گر گئے۔

کلفٹن میں ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے قریب ایک بڑا درخت گرنے سے دو افراد اس کے نیچے دب گئے، جنہیں نکالنے کے لیے ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں۔ محمد علی سوسائٹی میں ٹیپو سلطان روڈ پر بل بورڈ گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔

سب سے بڑا سانحہ بلدیہ مواچھ گوٹھ کے قریب پیش آیا جہاں دیوار گرنے سے 11 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق اس حادثے میں تین افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ مزید افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعظم نے کم آمدنی والے افراد کو خوشخبری سنادی

ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق متاثرہ عمارت کی دوسری منزل کی چھت پہلی منزل پر آ گری، تاہم یہ رہائشی عمارت نہیں تھی۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

دوسری جانب شاہ لطیف کے علاقے مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا، جبکہ قائد آباد کی مجید کالونی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ موسم کے حوالے سے پیشگوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ رات کے وقت مزید بارش کا امکان نہیں، تاہم کل دوپہر کے بعد شہر میں ایک بار پھر بارش متوقع ہے۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ کہیں کہیں موسلا دھار بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔

مزید برآں عید کے پہلے دن ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ 24 سے 27 مارچ کے دوران مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ کراچی سمیت سندھ کے دیگر علاقوں میں مزید بارش کا سبب بن سکتا ہے۔

Scroll to Top