مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ملک بھر میں کہیں بھی شوال المکرم 1447ھ کا چاند نظر نہ آنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے جس کے تحت پاکستان میں عیدالفطر 21 مارچ بروز ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔
شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی دارالحکومت میں منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی۔
اجلاس میں مختلف مکاتبِ فکر کے جید علما، محکمہ موسمیات کے ماہرین اور سپارکو کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اسی دوران ملک بھر میں زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوئے، تاہم ملک کے کسی بھی حصے سے چاند نظر آنے کی کوئی شرعی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
اجلاس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے اعلان کیا کہ تمام تکنیکی شواہد اور زونل کمیٹیوں کی رپورٹس کے جائزے کے بعد یہ متفقہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں کہیں بھی چاند نظر نہیں آیا۔ لہٰذا 20 مارچ بروز جمعہ کو 30 واں روزہ ہوگا اور یکم شوال المکرم (عیدالفطر) 21 مارچ بروز ہفتہ کو ہوگی۔





