ارجنٹینا کے لیجنڈری فٹ بالر لیونل میسی نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرتے ہوئے فٹ بال کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف سے لکھوا لیا ہے۔
لیونل میسی نے اپنی موجودہ ٹیم انٹر میامی کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنے پیشہ ورانہ کیریئر کا 901 واں گول اسکور کیا جس نے مداحوں کو ایک بار پھر حیران کر دیا ہے۔
اس گول کی خاص بات یہ تھی کہ یہ میسی کے کیریئر کا فری کک پر اسکور کیا گیا 71 واں گول تھا جس کے ساتھ ہی انہوں نے برازیل کے عظیم فٹ بالر پیلے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
اس شاندار کارکردگی کے بعد لیونل میسی فری کک پر سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑیوں کی عالمی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں برازیل کے لیجنڈ پیلے 70 گول کے ساتھ اب تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں جبکہ برازیل ہی کے رونالڈینہو اور ارجنٹینا کے لیگروٹیگائیل 66، 66 گول کے ساتھ بالترتیب چوتھے اور پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
اب تک فٹ بال کی تاریخ میں فری کک پر سب سے زیادہ گول کرنے کا عالمی ریکارڈ برازیل کے جونینہو کے پاس ہے جنہوں نے اپنے کیریئر میں 77 گول اسکور کیے۔ کھیل کے ماہرین کا خیال ہے کہ میسی جس تسلسل سے گول کر رہے ہیں وہ جلد ہی جونینہو کا ریکارڈ توڑ کر پہلے نمبر پر آ جائیں گے۔





