پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کر دی

پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کی پیشکش کر دی
اسلام آباد: پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان ممکنہ مذاکرات کی میزبانی کے لیے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی کے مطابق، اگر دونوں فریق اتفاق کریں تو پاکستان اس ملاقات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، ایران اور امریکہ کے اعلیٰ حکام کے درمیان اہم ملاقات اسلام آباد میں ہو سکتی ہے، جس میں ایرانی سپیکر، امریکی نمائندہ سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر شریک ہو سکتے ہیں۔ ممکنہ طور پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس بھی اس اہم اجلاس میں شریک ہو سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، پاکستان ایران اور امریکہ کے درمیان پیغام رسانی میں دیگر ممالک جیسے مصر اور ترکی کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ پاکستانی حکام اور دیگر ثالث فریق، بشمول علی اکبر عراقچی، سٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر، کے ساتھ رابطوں میں ہیں۔ ثالثوں کی کوشش ہے کہ ایرانی سپیکر اور امریکی حکام کے درمیان براہِ راست ٹیلی فونک رابطہ بھی ممکن بنایا جائے۔
ماہرین کے مطابق، پاکستان کی یہ پیشکش خطے میں اس کے اہم کردار کو مزید اجاگر کرتی ہے اور بین الاقوامی تعلقات میں اسلام آباد کی ثالثی کی صلاحیت کو مضبوط کرتی ہے۔

Scroll to Top