صوابی میں ٹریفک حادثہ ایک ہی خاندان کے 14افراد زخمی

صوابی: شیردرہ جانی روڈ پر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں موٹر کار اور لوڈر رکشہ کے درمیان شدید تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 14 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں کا تعلق امازوں گھڑے، ضلع مردان سے بتایا جاتا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 صوابی کی میڈیکل ٹیم دو ایمبولینسز کے ہمراہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمیوں میں فاروق اور ان کے چار بچے خضر، مرسلین، مروہ اور میمونہ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نجیم اللّٰہ، ان کی اہلیہ، بچے اور نواسے بھی زخمیوں میں شامل ہیں۔ حادثے میں مجموعی طور پر 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ریسکیو ٹیم نے تمام زخمیوں کو فوری طور پر کالوخان ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں انہیں مزید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک نہیں، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔

مقامی افراد نے ریسکیو 1122 کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگر امدادی ٹیم وقت پر نہ پہنچتی تو نقصان زیادہ ہو سکتا تھا۔

Scroll to Top