اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اسرائیلی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری طور پر تشدد روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں جاری صورتحال کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکا جائے۔
پریس بریفنگ کے دوران عاصم افتخار نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں آباد کاری کی تمام سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیلی اقدامات نہ صرف خطے میں کشیدگی کو بڑھا رہے ہیں بلکہ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی بھی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے سلامتی کونسل کی قرارداد 2334 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس قرارداد کے تحت اسرائیل کی جانب سے آباد کاری کی سرگرمیاں غیر قانونی قرار دی جا چکی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششیں ناقابل قبول ہیں اور سلامتی کونسل پہلے ہی ایسے اقدامات کی مذمت کر چکی ہے۔
عاصم افتخار نے مزید بتایا کہ پاکستان کے ساتھ بحرین، ڈنمارک، فرانس، یونان، لٹویا، صومالیہ اور برطانیہ سمیت کئی ممالک نے بھی اسرائیلی اقدامات کی مخالفت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران نے اسرائیل پر میزائلوں کی بارش کر دی، عمارتیں اور گاڑیاں تباہ
ان ممالک نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی آبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اس نوعیت کے اقدامات نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں بلکہ دیرپا امن کے حصول کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آباد کاری اور تشدد کا سلسلہ نہ رکا تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہو سکتے ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب نے ایک بار پھر مطالبہ کیا کہ اسرائیل فوری طور پر مقبوضہ فلسطینی سرزمین میں آباد کاری کی سرگرمیاں بند کرے اور عالمی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے تاکہ خطے میں امن کی راہ ہموار ہو سکے۔





