لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کے تجربہ کار اوپنرفخر زمان نے شائقین کو ایک اور یادگار لمحہ دیا۔
فخر زمان نے لیگ میں ڈیبیو کرنے والی ٹیم حیدرآباد کنگزمینکے خلاف 39 گیندوں پر 53 رنز کی تیز اننگز کھیل کر نہ صرف ٹیم کو مضبوط آغاز دلایا بلکہ خود ایک نیا ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔
فخر زمان کی اننگز میں 10 چوکے شامل تھے اور انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ اس نصف سنچری کے ساتھ فخر زمان پی ایس ایل کی تاریخ میں 3 ہزار رنز بنانے والے دوسرے بیٹر بن گئے۔
انہوں نے 98 میچوں میں 31.10 کی اوسط اور 141.90 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 3,017 رنز بنائے ہیں۔ پی ایس ایل میں فخر زمان کے نام دو سنچریاں اور 24 نصف سنچریاں بھی موجود ہیں۔

خاص بات یہ ہے کہ فخر زمان نے یہ تمام رنز ایک ہی ٹیم یعنی لاہور قلندرز کے لیے مکمل کیے، جس سے وہ پی ایس ایل میں ایک ٹیم کے لیے 3 ہزار رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔
پی ایس ایل میں ریکارڈ کی فہرست میں دیگر کھلاڑیوں کے اعدادوشمار بھی قابل ذکر ہیں:
پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے 100 میچوں میں 3,792 رنز بنائے، جس میں دو سنچریاں اور 36 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان میں دہشت گرد ٹھکانوں کے خلاف آپریشن جاری، عید کا وقفہ ختم، ترجمان دفتر خارجہ
محمد رضوان 93 میچوں میں 2,770 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے دو سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں بنائی ہیں۔
فخر زمان کو پی ایس ایل میں سب سے زیادہ 128 چھکے لگانے کا اعزاز بھی حاصل ہے، جس میں آصف علی 95 اور رائلی روسو 92 چھکوں کے ساتھ دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
لاہور قلندرز نے پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں حیدرآباد کنگزمین کو 69 رنز سے شکست دے کر ٹرافی کے دفاع کا سفر فاتحانہ انداز میں شروع کیا۔
فخر زمان کی شاندار بیٹنگ نے ٹیم کو مضبوط آغاز کے ساتھ ساتھ شائقین کے لیے بھی ایک یادگار کھیل فراہم کیا۔





