پشاور میں رات گئے پولیس کا کامیاب آپریشن، مقابلے کے دوران ڈاکو ہلاک

پشاور: خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم مارا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق یہ واقعہ ورسک روڈ کے علاقے مچنی چولی بالا روڈ کی حدود میں پیش آیا، جہاں مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس نے کارروائی کی۔

اس دوران ملزمان اور پولیس کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں سخاوت نامی ایک ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والا ملزم سنگین جرائم، جن میں قتل، اقدامِ قتل اور ڈکیتی کی متعدد وارداتیں شامل ہیں، میں ملوث تھا اور مختلف تھانوں کو اس کی تلاش تھی۔ کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے متعدد حملے ناکام بنا دیے، حملہ آور پسپا

مزید برآں پولیس نے لاش کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد میت کو ورثا کے حوالے کر دیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید تفتیش اور سرچ آپریشن جاری ہے تاکہ فرار ہونے والے ملزمان کو بھی گرفتار کیا جا سکے۔

Scroll to Top