لندن: برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ برطانوی افواج ایران کے خلاف کسی بھی امریکی زمینی کارروائی کا حصہ نہیں بنیں گی۔
انہوں نے دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی برطانیہ کی جنگ نہیں ہے۔
وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہاایران جنگ ہماری جنگ نہیں ہے، ہم اس میں نہیں الجھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کی جانب سے کیے گئے اقدامات مکمل طور پر دفاعی نوعیت کے ہیں اور ان کا مقصد اپنے شہریوں اور مفادات کا تحفظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ دفاعی اقدامات جاری رکھے گا اور آبنائے ہرمز کو کھلا رکھنے کے لیے کام کرتا رہے گا تاکہ عالمی تجارت متاثر نہ ہو۔
برطانوی وزیراعظم کے مطابق جنگی صورتحال پیدا ہونے کے ایک یا دو گھنٹے کے اندر ہی برطانیہ نے اپنے پائلٹس کو فضا میں تعینات کر دیا تھا۔ اس اقدام کا مقصد برطانیہ کے شہریوں، مفادات اور خطے میں اتحادیوں کا دفاع کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی بی کی کارروائی، نسیم شاہ پر جرمانہ، جے یو آئی رہنما بھی بول پڑے
کیئر اسٹارمر نے مزید کہا کہ حکومت برطانیہ کے قومی مفادات اور خطے میں امن و استحکام پر توجہ مرکوز رکھے گی۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنگ کے ممکنہ اثرات کو کم کرنے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ خطے میں کشیدگی کو کم کیا جا سکے اور استحکام برقرار رکھا جا سکے۔





