ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید دھند کی لپیٹ میں آ جانے کے باعث کئی اہم مقامات پر موٹرویز کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، شدید دھند کے نتیجے میں موٹروے ایم ون کو پشاور سے صوابی تک ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا سکے۔
موٹروے پولیس کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کریں اور سفر سے قبل موجودہ موسمی صورتحال کی معلومات حاصل کریں۔ معلومات اور مدد کے لیے شہری ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پشاور صدر میں تجاوزات کیخلاف بڑا آپریشن، تاجروں اور عوام کا خوشی کا اظہار
ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تیز رفتاری سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ، ڈرائیورز کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں تاکہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
شدید دھند کی وجہ سے قومی شاہراہوں پر نظر کی حد کم ہو گئی ہے، جس کے باعث سڑکوں پر سفر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔
شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے سفر کریں اور موٹروے پولیس کی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔