ایران کا امریکہ کو سخت پیغام، ایرانی مسلح افواج کا رد عمل سامنے آ گیا

تہران : ایرانی مسلح افواج کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی دھمکیوں کے جواب میں سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج اپنے ملک پر حملہ کرنے والوں کے پاؤں کاٹ دیں گے۔

ذوالفقاری نے زور دیا کہ تاریخ گواہ ہے کہ ایران نے کبھی دشمن کے سامنے سر نہیں جھکایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی باتیں مضحکہ خیز ہیں اور ایرانی قوم کے دشمنوں کے لیے آبنائے ہرمز نہیں کھولا جائے گا۔

ادھر ایرانی پارلیمانی نیشنل سکیورٹی کمیشن کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے کہا کہ خطے میں اگر میری ٹائم رجیم میں تبدیلی آتی ہے تو یہ ٹرمپ کے رجیم چینج کے خواب کی تکمیل نہیں بلکہ ایران کی خودمختاری کے خلاف کوشش ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی نائب صدر نے پاکستانی ثالثوں کے ذریعے ایران کو ٹرمپ کا سخت پیغام بھجوا دیا

عزیزی نے ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاآبنائے ہرمز یقینی طور پر دوبارہ کھلے گی، لیکن آپ کے لیے نہیں۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ مذاکرات میں جنگ بندی کو آبنائے ہرمز کھولنے سے مشروط کیا تھا اور دھمکی دی تھی کہ جب تک آبنائے ہرمز نہیں کھلتی، امریکہ ایران کو مکمل تباہ کرنے پر آمادہ ہے۔

Scroll to Top