انڈونیشیا: انڈونیشیا کے قریب مولوکا سمندر میں 7.8 شدت کے طاقتور زلزلے کے بعد سونامی کا الرٹ جاری کر دیا گیا، جس کے باعث پورے خطے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ شمالی مولوکا سمندر میں ٹرنیٹ کے قریب آیا، جس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے قریبی علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
امریکی سونامی وارننگ سسٹم نے خبردار کیا ہے کہ زلزلے کے مرکز کے گرد تقریباً 1000 کلومیٹر کے دائرے میں واقع ساحلی علاقوں، بشمول فلپائن اور ملیشیا، میں خطرناک سونامی لہریں پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق زلزلے کا مرکز ٹرنیٹ شہر سے تقریباً 120 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا، جہاں دو لاکھ سے زائد افراد رہائش پذیر ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ناسا کا آرٹیمس راکٹ فلوریڈا سے تاریخی مشن پر روانہ
ممکنہ خطرے کے پیش نظر مقامی حکام نے ساحلی علاقوں میں رہنے والوں کو چوکس رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔





