امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آئندہ دو سے تین ہفتوں میں ایران پر مزید شدید حملے کرنے کا اعلان کردیا۔
امریکی صدر نے عوام سے خطاب میں ایران جنگ جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد تمام فوجی مقاصد حاصل کرلیے جائیں گے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے خلاف آپریشن شروع کیے ہوئے ایک مہینہ ہوگیا، چار ہفتوں میں امریکی فوج نے فیصلہ کن حملےکیے ہیں، ہم نے ایران کی نیوی، ائیرفورس کو مکمل تباہ کردیا ، انکے کئی لیڈر ختم ہوچکے، رجیم ختم ہوچکا، ایران کے ایٹم بم بنانے کی صلاحیت بھی ختم کردی۔
امریکی صدر نے کہا کہ ایران جنگ کے اسٹریٹجک مقاصد تکمیل کے قریب ہیں، مقاصد کی تکمیل تک جنگ جاری رہے گی، ہم اپنا مشن مکمل کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں : انڈونیشیا کے قریب 7.8 شدت کا خوفناک زلزلہ، سونامی کا الرٹ جاری
امریکی صدر نے ایرانی حکومت پر 45 ہزار مظاہرین کو قتل کرنے کا الزام لگادیا تاہم انہوں نے کوئی شواہد پیش نہیں کیے اور کہا کہ ایرانی حکومت امریکا مردہ باد، اسرائیل مردہ باد کے نعرے لگاتا رہا ہے، 47سال سے یہ صورتحال قائم تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران جنگ کے خاتمے کے بہت قریب آ رہے ہیں، ہمیں آبنائے ہرمز کی ضرورت نہیں ہے، تنازع ختم ہو گا تو آبنائے ہر مز قدرتی طور پر کھل جائے گی۔





