پی ایس ایل کی ٹیکنیکل کمیٹی نے بال ٹیمپرنگ کیس میں قومی کرکٹر فخر زمان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ان پر عائد دو میچز کی پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فخر زمان نے اپنے اوپر عائد ہونے والی اس پابندی کے خلاف اپیل دائر کی تھی جس پر آج پی سی بی کی ٹیکنیکل کمیٹی نے سماعت کی۔
کمیٹی کے ارکان پروفیسر جاوید ملک، ڈاکٹر ممریز نقشبند اور سید علی نقوی نے تمام شواہد اور متعلقہ افراد کے مؤقف کا جائزہ لینے کے بعد میچ ریفری روشن ماہنامہ کے فیصلے کو درست قرار دیا۔
واضح رہے کہ فخر زمان کو 29 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ کے دوران بال ٹیمپرنگ (پی ایس ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.14 کی خلاف ورزی) پر دو میچز کے لیے معطل کیا گیا تھا۔
اس فیصلے کے بعد فخر زمان اب ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ہونے والے اہم میچز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ٹیکنیکل کمیٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس پر مزید کوئی اپیل نہیں کی جا سکے گی۔





