عظمت اللہ
رکنِ قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے عنقریب ملاقات کا اعلان کردیا۔
انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے دوسروں کی ملاقاتیں کروانے کا سلسلہ دراصل انہوں نے ہی شروع کیا تھا، لیکن آج وہ اسے اپنی سیاست اور زندگی کی سب سے بڑی غلطی سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جس دن سے انہوں نے ان سب کی ملاقاتیں شروع کروائیں اسی دن سے ان لوگوں نے ان کے خلاف سازشیں شروع کر دی تھیں۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ ان کا نام ہائی کورٹ کے فیصلے کی فہرست میں سرفہرست ہے اور انہیں ملاقات کے لیے صرف ایک درخواست دینی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان لوگوں کی طرح تاویلیں بنانے والے نہیں ہیں جو یہ کہتے پھرتے ہیں کہ جیل سپرنٹنڈنٹ انہیں ملاقات کی اجازت نہیں دے رہا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جب بھی جائیں گے، ان شاء اللہ خان سے ملاقات کر کے ہی واپس آئیں گے۔
شیر افضل مروت نےکہا کہ اگر انہیں عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ دی گئی تو وہ وہیں جیل کے باہر تادمِ مرگ بھوک ہڑتال شروع کر دیں گے۔





