رستم، ماربل کان میں لینڈ سلائیڈنگ، ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا

مردان کی تحصیل رستم میں شدید بارش اور مزید لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے باعث ماربل کی کان میں جاری ریسکیو آپریشن عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر موجود ہیں اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہیں، موسم صاف ہوتے ہی امدادی کارروائیاں دوبارہ شروع کی جائیں گی۔

 ریسکیو حکام کے مطابق ماربل کی کان میں گزشتہ روز دھماکے کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے سبب متعدد مزدور ملبے تلے دب گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 11 مزدوروں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے جن میں 9 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 2 کو زخمی حالت میں پشاور منتقل کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رستم مردان مائننگ حادثہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نوٹس، قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس

ایک مزدور اب بھی ملبے تلے لاپتہ ہے جس کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے، گزشتہ روز سے جاری اس آپریشن میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں تاکہ لاپتہ مزدور کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کی وجوہات جاننے اور حفاظتی اقدامات مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی ہے۔

Scroll to Top