ایران نے ایک اور امریکی ایف 35 طیارہ مار گرایا

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے قیشم جزیرہ کے نزدیک امریکا کا ایک اور ایف 35 لڑاکا طیارہ مار گرایا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق امریکی طیارہ آبنائے ہرمز کے اوپر اڑان کے دوران ایرانی نیوی کے ہدف میں آیا اور طیارے کے پائلٹ کے بچنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

ایرانی بحری بیڑے نے ایبرہام لنکن پر بھی کروز میزائلوں سے حملہ کیا، خلیج فارس میں اسرائیلی حکومت کے تیل بردار ٹینکر ایکو اے ون کو بھی نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی۔

اسرائیل میں بھی کشیدگی میں اضافہ ہوا جہاں تل ابیب کے وسط میں ایک میزائل گرنے کے بعد دھماکا ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ اسرائیلی دفاعی نظام ایرانی حملے کو روکنے میں ناکام رہا، اس حملے میں مکانات اور گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور سائرن بجنے کے بعد بنکرز کی طرف بھاگنے والے 6 شہری زخمی ہوئے جبکہ ایک ہلاک ہوا۔

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں امریکی فوجیوں کے خفیہ مقام کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 37 امریکی فوجی ہلاک ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ایران نے ایک اور امریکی طیارہ مار گرایا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

ایرانی فوج کے ترجمان کے مطابق یہ حملہ امارات میں جاری امریکی فوجیوں کی میٹنگ کے مقام پر کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیج فارس میں کشیدگی میں یہ تازہ اضافہ عالمی سطح پر توانائی مارکیٹ اور بین الاقوامی تعلقات پر شدید اثر ڈال سکتا ہے۔

Scroll to Top