امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو سخت ترین وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے پاس “جہنم کی آگ” نازل ہونے سے پہلے اب صرف 48 گھنٹے باقی ہیں۔
اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ انہوں نے ایران کو نیا معاہدہ کرنے اور عالمی تجارت کے لیےآبنائے ہرمز کھولنے کے لیے 10 دن کی مہلت دی تھی جو اب ختم ہونے کے قریب ہے۔
ٹرمپ نے خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہےاگر اگلے دو دن میں معاہدہ نہ ہوا تو امریکہ ایران پر جہنم کی آگ برسا دے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ اشتعال انگیزی ختم کر کے مذاکرات کی میز پر آئے۔
ایک اور بیان میں امریکی صدر نے ایف 16 طیارے کے نقصان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے سے ایران کے ساتھ جاری کسی بھی قسم کے مذاکرات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ یہ ایک جنگی صورتحال ہے اور ہم اس وقت حالتِ جنگ میں ہیں، اس لیے کسی ایک جنگی طیارے کی تباہی سے سفارتی عمل متاثر نہیں ہوتا۔
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ وہ فی الحال یہ بتانے کی پوزیشن میں نہیں ہیں کہ اگر لاپتا ہونے والے عملے کے رکن کو کوئی نقصان پہنچا تو امریکہ کا ردعمل کیا ہوگا، تاہم ان کے لہجے سے واضح تھا کہ امریکہ کسی بھی جانی نقصان پر خاموش نہیں رہے گا۔





