پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں 6 سے 9 اپریل تک تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کرتے ہوئے تمام ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک طاقتور سلسلہ صوبے میں داخل ہوگا جس کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے جبکہ پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق 7 اور 8 اپریل کو مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے جس کے باعث بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مالاکنڈ، بونیر، ایبٹ آباد اور کوہستان میں فلیش فلڈنگ جبکہ پشاور، مردان اور نوشہرہ جیسے میدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔
تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ صوبے بھر میں کھڑی فصلوں کے متاثر ہونے کا بھی اندیشہ ہے جس پر کسانوں کو بروقت حفاظتی اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو ٹیموں کی تیاری، اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے کے لیے مشینری کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کی صفائی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔
انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ترغیب دیں اور انہیں موسمی صورتحال سے مسلسل آگاہ رکھیں۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیلابی پانی، ندی نالوں اور خطرناک مقامات سے دور رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ہیلپ لائن نمبر 1700 پر فوری اطلاع دیں جو کہ مکمل طور پر فعال ہے۔





