پولیس اہلکار کے خاتون صحافی سے توں تکرار کے واقعے پر اسلام آباد کے آئی جی سید علی ناصر رضوی نے فوری نوٹس لے لیا اور متعلقہ کانسٹیبل کو معطل کر کے چارج شیٹ جاری کر دی۔
ذرائع کے مطابق خاتون صحافی کی جانب سے تحریری درخواست جمع کروانے کے بعد آئی جی نے فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔ اس واقعے کے بعد آئی جی نے تمام پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ قانون کی مکمل پاسداری کے ساتھ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی اور تحمل سے پیش آئیں۔
آئی جی نے پولیس اہلکاروں کو تاکید کی کہ شہریوں کے ساتھ پیش آتے وقت پہلے سلام پھر کلام کے اصول پر عمل کیا جائے اور شہریوں کی غلطیوں کی نشاندہی بھی تحمل اور شائستگی کے ساتھ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین، بزرگوں، بچوں اور معذوروں کے ساتھ ناروا سلوک ناقابل برداشت ہے۔
سید علی ناصر رضوی نے مزید کہا کہ پولیس کی شائستگی اور اخلاقیات کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے اور شہریوں کے اعتماد کو مضبوط بنانے کے لیے ہر اہلکار کو ذمہ داری کے ساتھ پیش آنا ہوگا۔





