اسلام آباد: نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا اور اپ گریڈ شدہ ورژن متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے ویزا درخواست اور بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مزید تیز اور آسان بنا دیا گیا ہے۔
نادرا کی جانب سے جاری بیان اور معلوماتی ویڈیو کے مطابق ایپ کے نئے ورژن میں پاکستان آنے کے خواہشمند غیر ملکیوں اور سمندر پار پاکستانیوں کے لیے ویزا حاصل کرنے کا طریقہ کار انتہائی سادہ بنا دیا گیا ہے۔
اب دنیا کے 193 ممالک کے شہری مختلف ویزا کیٹیگریز کے لیے براہِ راست اس ایپ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔
نئے نظام کے تحت درخواست گزار کو اپنا نام، پاسپورٹ نمبر اور میعاد ختم ہونے کی تاریخ (ایکسپائری) دستی طور پر درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
جیسے ہی صارف پاسپورٹ سائز تصویر اپ لوڈ یا کیپچر کرے گا، سسٹم خودکار طور پر تمام معلومات اسکین کر کے فارم میں شامل کر دے گا۔
پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ہوم پیج پر بائیو میٹرک تصدیق کے لیے ایک الگ سیکشن متعارف کرایا گیا ہے تاکہ صارفین کو کسی قسم کی پیچیدگی کا سامنا نہ ہو۔ اس فیچر کے تحت صارفین کو درج ذیل سہولیات حاصل ہوں گی:
خونی رشتوں کی تصدیق
گاڑیوں کی منتقلی
وراثت سے متعلق امور
پاسپورٹ اور اسلحہ لائسنس کی تصدیق
پنشنرز کے لیےپروف آف لائف کی سہولت
یہ بھی پڑھیں : گردوں کی بیماریوں سے بچاؤ کا سب سے آسان اور سائنسی طریقہ
مزید برآں چہرے کی شناخت اور انگلیوں کے نشانات کی تصدیق کے عمل کو بھی پہلے سے زیادہ تیز اور مؤثر بنا دیا گیا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق صارفین ان جدید سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے لیے پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کو اپ ڈیٹ کریں۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل سہولیات کو فروغ دینا اور شہریوں کو زیادہ آسان، تیز اور شفاف خدمات فراہم کرنا ہے۔





