عازمین حج کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے عازمینِ حج کی سہولت کے لیے بڑے ریلیف کا اعلان کیا ہے جس کے تحت اب تمام ضروری امور ایک ہی دن میں مکمل کیے جائیں گے۔

اس نئے فیصلے کے مطابق ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات کی فراہمی سمیت تمام مراحل ایک ہی چھت تلے مکمل ہوں گے تاکہ عازمین کے وقت اور سفری اخراجات کی بچت ہو سکے۔

اس اقدام سے مجموعی طور پر ایک لاکھ 19 ہزار عازمین مستفید ہوں گے اور انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔

حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز بدھ سے ہو رہا ہے جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال رہیں گے۔

وزارت مذہبی امورکےترجمان عمر بٹ کے مطابق عازمین کو ویزا، ہوائی ٹکٹ، شناختی لاکٹ اور لگیج ٹیگز کے ساتھ ادویات کی پیکنگ کی سہولت بھی دی جائے گی جبکہ شیڈول پاک حج ایپ پر جاری کر دیا گیا ہے۔

وزارت نے عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ کیمپ آمد پر اصل شناختی کارڈ اور بینک رسید لازمی لائیں، جبکہ کرنسی کے تبادلے کے لیے کیمپوں میں خصوصی بینک کاؤنٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔

Scroll to Top