طلبہ کے لیے خوشخبری،پی ایم ڈی سی کا ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے بڑا فیصلہ

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ مارکس میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے تمام طبی جامعات کو 15 اپریل 2026 تک داخلے مکمل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پی ایم ڈی سی کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں خالی نشستوں کو پُر کرنے کے لیے پاسنگ پرسنٹیج میں 3 فیصد رعایت دی گئی ہے۔

اس فیصلے کے تحت ایم بی بی ایس کے لیے پاسنگ مارکس 55 فیصد سے کم کر کے 52 فیصد جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 50 فیصد کے بجائے 47 فیصد مقرر کر دیے گئے ہیں۔

کونسل نے تمام جامعات کو ہدایت کی ہے کہ داخلہ عمل کے دوران پہلے سے اہل امیدواروں کو ترجیح دی جائے اور نشستیں خالی رہنے کی صورت میں ہی نئی رعایت لاگو کی جائے۔

پی ایم ڈی سی نے نجی طبی اداروں کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ مستحق طلبہ کی فیسوں میں رعایت فراہم کریں اور میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھیں۔

اس کے ساتھ ہی پی ایم ڈی سی نے انتباہ کیا ہے کہ اگر کوئی ادارہ مقررہ فیس سے زائد وصول کرتا پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Scroll to Top