دیر بالا میں بزرگ شہری پر تشدد کا افسوسناک واقعہ سامنے آنے کے بعد پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک بزرگ شہری محمد ولی کی تذلیل اور تشدد پر مبنی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس کا ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) دیر بالا اسلم نواز نے سخت نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔
ڈی پی او کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی پی او سرکل دیر مشرف خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ دیر سٹی جوہر علی اور ان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے تشدد میں ملوث ملزمان سعید اللہ، اکرام اللہ اور بلال احمد کو حراست میں لے لیا ہے۔
ملزمان پر بزرگ شہری کو تشدد کا نشانہ بنانے، ان کے خلاف غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے کے الزامات ہیں۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
اس حوالے سے ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی شہری بالخصوص بزرگوں کی تذلیل اور تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے زور دیا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔





