پی ٹی آئی کا ایک اور اسکینڈل بے نقاب، کوہاٹ کان کنی میں فرنٹ مین کے ذریعے 5 لاکھ فی کس ٹوکن وصولی کا انکشاف

کوہاٹ: خیبر پختونخوا کے ضلع کوہاٹ میں جاری غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے معاملے پر سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک نئے آڈیو پیغام نے نئی بحث چھیڑ دی ہے، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے ایک سرگرم کارکن کی جانب سے اپنی ہی جماعت کے بعض ارکانِ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرِ قانون کے مبینہ فرنٹ مین سے متعلق دعوے سامنے رکھے گئے ہیں۔

وائرل ہونے والے صوتی پیغام میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ گمبٹ اور خوشحال گڑھ سمیت کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کے دوران اشتیاق قریشی نامی شخص مبینہ طور پر ارکانِ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیرِ قانون کے فرنٹ مین کے طور پر کام کرتا تھا، اور کان کنی کرنے والے ہر شخص سے مبینہ طور پر 5 لاکھ روپے فی کس ٹوکن وصول کیا جاتا تھا۔ آڈیو پیغام میں اشتیاق قریشی کے ساتھ ساتھ عاصم نامی شخص کا نام بھی لیا گیا ہے۔

 اس سے قبل گورنر خیبر پختونخوا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کوہاٹ میں غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ میں ملوث ہونے کے حوالے سے موجودہ و سابق ارکانِ اسمبلی اور تحصیل چیئرمینز کے نام لیے تھے۔

 اس پریس کانفرنس کے بعد سینیٹ کے رکن خرم ذیشان نے گورنر خیبر پختونخوا کو قانونی نوٹس بھیجا تھا، جبکہ سابق صوبائی وزیرِ قانون سمیت دیگر متعلقہ افراد نے اپنے ملوث ہونے یا کسی بھی کردار کی تردید کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : مدارس کی قیادت، 12 سے 13 کروڑ کی لیکسز گاڑیاں، بھاری پروٹوکول، پشاور ہائی کورٹ سے واپسی کی ویڈیو وائرل

تازہ آڈیو پیغام لیک کرنے والے شخص کے حوالے سے بتایا جا رہا ہے کہ وہ خود بھی پی ٹی آئی کا سرگرم کارکن ہے اور ماضی میں بھی صوبائی اسمبلی کے رکن اور سابق صوبائی وزیرِ قانون پر تنقید و اعتراضات کر چکا ہے۔

اس آڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد تاحال ان ارکان یا سابق وزیرِ قانون کی جانب سے، جن پر مبینہ الزامات یا اشارے کیے گئے ہیں، کوئی باضابطہ وضاحت یا صفائی سامنے نہیں آئی۔

دوسری جانب،کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے مختلف سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ غیر قانونی پلیسر گولڈ مائننگ کی تحقیقات کے لیے قائم کیے گئے کمیشن کو چاہیے کہ وہ آڈیو پیغام میں سامنے آنے والے ناموں اور مبینہ فرنٹ مین کے معاملے کو بھی تفتیش کے دائرے میں شامل کرے تاکہ حقائق واضح ہو سکیں۔

Scroll to Top