حکومتِ پاکستان نے اسلام آباد ٹاکس 2026 کے شرکاء کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کرتے ہوئے خصوصی اقدامات متعارف کرا دیے ہیں۔
وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ نئی ویزا پالیسی کے تحت اس ایونٹ میں شرکت کے لیے آنے والے تمام غیر ملکی مہمانوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
تمام ایئر لائنز کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اسلام آباد ٹاکس 2026 کے شرکاء کو بلا رکاوٹ بورڈنگ کی اجازت دیں، مسافروں کی آسانی کے لیے ایئرپورٹس پر خصوصی فیسلیٹیشن ڈیسک بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن سیکشن آفیسر (ویزا) آغا حاشر محمود خان کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایران ،امریکہ مذاکرات !اسلام آباد میں سکیورٹی کے سخت انتظامات ، ریڈزون فوج کے حوالے
اسلام آباد میں متوقع بین الاقوامی مذاکرات کے پیشِ نظر سیکیورٹی اور انتظامی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ مذاکرات کے حوالے سے سیکیورٹی پلان اور دیگر انتظامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران وزیر داخلہ نے ہدایت دی کہ غیر ملکی وفود کے لیے اعلیٰ معیار کے انتظامات یقینی بنائے جائیں، اور اس موقع کو پاکستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا۔
سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے ریڈ زون کو مکمل طور پر سیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وزارتِ داخلہ میں ایک کنٹرول روم بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ تمام صورتحال کی مؤثر نگرانی کی جا سکے۔





