اہم سفارتی موڑ!امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے کیا

اہم سفارتی موڑ!امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کا استقبال فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار نے کیا

ایران سے مجوزہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، جس سے خطے میں سفارتی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔

نور خان ایئر بیس پر امریکی نائب صدر کا استقبال آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام نے کیا۔

ذرائع کے مطابق امریکی نائب صدر کے خصوصی طیارے نے پاکستان پہنچنے کے لیے غیرمعمولی اور طویل فضائی راستہ اختیار کیا۔ طیارہ میری لینڈ سے روانہ ہو کر پیرس میں تقریباً ڈھائی گھنٹے کے اسٹاپ اوور کے بعد پاکستانی وقت کے مطابق صبح 3 بجے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوا۔ پرواز نے مشرقِ وسطیٰ اور افغان فضائی حدود سے گریز کرتے ہوئے جارجیا، آذربائیجان، ترکمانستان اور تاجکستان کے راستے پاکستان کا رخ کیا اور چترال کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئی۔ طیارہ صبح 10 بج کر 33 منٹ پر نور خان ایئر بیس پر لینڈ کیا۔

امریکی وفد میں نائب صدر جے ڈی وینس کے ہمراہ اہم شخصیات اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر بھی شامل ہیں، جو ایران امریکا مذاکرات میں شرکت کریں گے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نیک نیتی کا مظاہرہ کرے تو امریکا بھی تعاون کے لیے تیار ہے، تاہم کسی بھی غیر سنجیدہ رویے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

دوسری جانب ایرانی وفد بھی گزشتہ شب اسلام آباد پہنچ چکا ہے۔ دفتر خارجہ کے مطابق وفد کی قیادت ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں اور ممکنہ طور پر ایک اہم پیش رفت ثابت ہو سکتے ہیں۔

Scroll to Top