امید ہے فریقین مذاکرات جاری رکھیں گے ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

امید ہے فریقین مذاکرات جاری رکھیں گے ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار

پاکستان کی سفارتی کامیابی، اسحاق ڈار نے ایران اور امریکہ مذاکرات کی تفصیلات جاری کر دیں

اسلام آباد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جامع اور تعمیری مذاکرات کے متعدد دور ہوئے، جن میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

پریس بریفنگ میں اسحاق ڈار نے کہا کہ مذاکراتی عمل میں شریک دونوں ممالک کے وفود کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے وزیراعظم پاکستان کی درخواست پر مثبت ردعمل دیا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی وفد نائب صدر جے ڈی وینس جبکہ ایرانی وفد اسپیکر باقر قالیباف کی قیادت میں مذاکرات میں شریک ہوا۔

اسحاق ڈار کے مطابق دونوں وفود کے درمیان 24 گھنٹے تک جاری رہنے والے مذاکرات میں متعدد دور کی جامع اور تعمیری بات چیت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات میں ایرانی وفد نے بھی شرکت کی، جبکہ پاکستان نے بطور سہولت کار اہم کردار ادا کیا۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے خود اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی مذاکراتی عمل میں معاونت فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور ایران و امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولت کاری جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ فریقین کی جانب سے پاکستان کے کردار کے اعتراف پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور امید ہے کہ دونوں ممالک خطے اور دنیا میں پائیدار امن اور خوشحالی کے لیے مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ دونوں ممالک سیز فائر کو جاری رکھنے کے عزم پر قائم رہیں، اور امید ہے کہ آئندہ بھی مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا تاکہ خطے میں امن و استحکام کو مزید فروغ مل سکے۔

Scroll to Top