اسلام آباد ایک بار پھر عالمی توجہ کا مرکز، اہم اسلامی کانفرنس کا اعلان

اسلا م آباد: وزیراعظم کے خصوصی نمائندہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور چیئرمین پاکستان علما کونسل مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ ان دنوں اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو جو مقام اور مرتبہ عطا کیا ہے وہ تمام پاکستانیوں اور مسلمانوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے یہ بات امریکا اور ایران کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے تناظر میں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ان کے مطابق اس موقع پر پاکستان نے عالمی سطح پر ایک مثبت کردار ادا کیا ہے اور یہ پیش رفت ملک کے لیے اعزاز کی حیثیت رکھتی ہے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ انسان کا کام کوشش اور محنت کرنا ہے جبکہ نتائج اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان نے اپنا کردار ادا کر دیا ہے اور اب آگے کے نتائج وقت کے ساتھ سامنے آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جب دنیا ایک بڑی جنگ کے خطرے سے دوچار تھی، اس وقت اسلام آباد نے مذاکرات کے دروازے کھولے، اور تاریخ ہمیشہ اس حقیقت کو یاد رکھے گی۔

ان کے مطابق اس پورے عمل میں آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ نے اللہ پر توکل کے ساتھ ایک اہم مشن کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں پہلے کشیدگی میں کمی اور پھر مذاکرات کا آغاز ممکن ہوا۔

مولانا طاہر اشرفی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس عمل کے بہتر نتائج پیدا فرمائے اور ملک و قوم کے لیے مزید بہتری کی راہیں کھولے۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو وہی مقام مل رہا ہے جس کے ہم برسوں سے خواہاں تھے، مولانا فضل الرحمان

انہوں نے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد میں ہونے والی سفارتی سرگرمیوں اور غیر ملکی وفود کی آمد کے پیش نظر چھٹی بین الاقوامی اسلامی کانفرنس 20 اپریل کو اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد کی جائے گی۔

ان کے مطابق اس کانفرنس میں فلسطین کے مفتی اعظم، سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر اسلامی ممالک کے جید علماء اور اسکالرز شرکت کریں گے۔

مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد امت مسلمہ کو امن، محبت اور رواداری کا پیغام دینا ہے، اور اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں عالمی و داخلی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع فکری لائحہ عمل پیش کرنا ہے۔

Scroll to Top