خیبرپختونخوا میں عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والوں نے کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے، ارسلان خان ناظم

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں عمران خان کے نام پر ووٹ لینے والوں نے کرپشن کا ایسا بازار گرم کر رکھا ہے۔

اپنے جاری بیا ن میںانہوں نے کہا ہےکہ پی ٹی آئی کے اپنے حلقوں سے سامنے آنے والے انکشافات نے حکمرانوں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ ایک طرف پی ٹی آئی کی اپنی احتساب کمیٹی کے سربراہ قاضی انور ایڈوکیٹ کی جانب سے وزیربلدیات مینا خان آفریدی پر سنگین کرپشن الزامات سامنے آ رہے ہیں،جبکہ دوسری جانب ایم این اے شاہد خٹک کو بینک آف خیبر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں شامل کرنے کیلئے قوانین میں تبدیلی کی کوششیں اس ادارے کو تباہی کے دہانے پر دھکیلنے کے مترادف ہے۔

صوبائی ترجمان ارسلان خان ناظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے چہیتے صوبے کے وسائل کو بے دردی سے لوٹنے میں مصروف ہیں۔ بدقسمتی سے جاری کرپشن اور غیر قانونی اقدامات کے باوجود نیب اور دیگر احتسابی اداروں کی مجرمانہ خاموشی کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ کیا احتساب صرف مخصوص افراد کیلئے ہے؟ کیا مشکلات میں گرے صوبے کے خزانے کو یہ مخصوص ٹولہ اسی طرح لوٹتا رہے گا؟

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال بھی دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، جس کے باعث عوام میں خوف اور بے چینی بڑھ رہی ہے۔ اس کے برعکس حکمران جماعت کے ذمہ داران عوامی مسائل کے حل کے بجائے اقتدار کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کرنے میں مصروف دکھائی دیتے ہیں، جو نہایت افسوسناک ہے۔

ترجمان اے این پی کا کہنا تھا کہ عوام کو یہ یاد رکھنا چاہیئے کہ یہی عناصر تبدیلی اور شفاف احتساب کے نعروں کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے، مگر 13 سال سے ان کی کارکردگی بدترین کرپشن، اقربا پروری اور اداروں کی تباہی کی شکل میں سامنے آ رہی ہے۔ خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ یہ ناانصافی مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان عناصر کو بے نقاب کیا جائے اور صوبے کے وسائل کو بچایا جائے۔ اے این پی ہر فورم پر ان نااہل اور کرپٹ عناصر کا احتساب کرنے کیلئے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔

Scroll to Top