جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی ) ف خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام اپوزیشن جماعتوں کا ایک اہم مشاورتی اجلاس مفتی محمود مرکزپشاور میں منعقد ہواجس کی صدارت جے یو آئی کے صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطا الرحمن نے کی۔
اجلاس میں سینیٹ کے آئندہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی غور و غوض کیا گیا اور تمام شریک جماعتوں نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ صوبائی اسمبلی میں موجود تمام اپوزیشن قوتیں ایک پلیٹ فارم پر متحد ہیں، اس لیے سینیٹ کے انتخاب کے لیے بھی ایک مشترکہ امیدوار میدان میں اتارا جائے گا۔
اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مشترکہ امیدوار کے حتمی نام کا فیصلہ کرنے سے قبل تمام جماعتیں اپنی اپنی پارلیمانی پارٹیوں سے باضابطہ مشاورت کریں گی۔ اس مشاورتی عمل کے مکمل ہوتے ہی آئندہ دو روز کے اندر تمام اپوزیشن جماعتوں کے صوبائی قائدین کی جانب سے متفقہ امیدوار کے نام کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔
اجلاس میں جے یو آئی کے سینیٹر مولانا عطا الحق درویش، سینیٹر حاجی دلاور خان، عبدالجلیل جان، مولانا عبدالحسیب حقانی اور اسرار احمد نے شرکت کی جبکہ پیپلز پارٹی کی نمائندگی سید ایوب شاہ اور ملک سعید نے کی۔
عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے حسین شاہ اور نثار باز شریک ہوئےجبکہ مسلم لیگ (ن) کے مرتضیٰ عباسی اور ملک زرواڑ خان نے بھی اجلاس میں حصہ لیا۔ اسی طرح پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے حبیب علی شاہ، عارف مہمند، ارباب وسیم اور صلاح الدین سمیت فضل مالک بھی مشاورتی عمل کا حصہ رہے۔





