چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان نے عام انتخابات کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہےجس کے تحت گلگت بلتستان اسمبلی کے تمام 24 حلقوں میں 7 جون 2026 کو ایک ساتھ پولنگ ہو گی۔
جاری کردہ انتخابی شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 16 سے 20 اپریل تک جمع کروا سکیں گے، جس کے بعد 21 اپریل کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل 28 اپریل تک مکمل کیا جائے گا جبکہ کاغذات کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلوں پر فیصلے 9 مئی تک کیے جائیں گے۔
وہ امیدوار جو انتخاب سے دستبردار ہونا چاہیں گے وہ 11 مئی تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گےجس کے بعد 12 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست اور انتخابی نشانات الاٹ کر دیے جائیں گے۔
چیف الیکشن کمشنر راجہ شہباز خان نے کہا ہےکہ گلگت بلتستان میں شفاف، آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام ریاستی اداروں کے تعاون سے پرامن انتخابی عمل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ ووٹرز بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کو منظم طریقے سے چلانے کے لیے تمام 10 اضلاع میں ضلعی ریٹرننگ افسران اور 24 حلقوں کے لیے ریٹرننگ آفیسرز کی تعیناتی کا عمل بھی مکمل کر لیا ہے۔
اسمبلی انتخابات کے فوراً بعد خطے میں بلدیاتی نظام کی بحالی کے لیے بھی اقدامات اٹھائے گئے ہیں اورچیف الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات 14 جون کو منعقد ہوں گے۔
چیف الیکشن کمشنر کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا تفصیلی شیڈول بھی جلد جاری کر دیا جائے گا۔





