سلمان علی خان
خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں کے علاقے حسنی داراشاہ سورانی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 سالہ معصوم بچی زندگی کی بازی ہار گئی جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور جاں بحق ہونے والی بچی کی میت اور دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ دیرینہ عداوت کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن اور تلاش شروع کر دی ہے۔
پولیس کا عزم ہے کہ معصوم بچی کے قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔





