معاشی سہارا! سعودی عرب کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان، 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے کا فیصلہ

معاشی سہارا! سعودی عرب کا پاکستان کیلئے بڑا اعلان، 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کرنے کا اعلان کیا ہے، جسے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور گہرے اعتماد کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے اس اہم مالی تعاون کو پاکستان کی معیشت کے لیے بڑا سہارا سمجھا جا رہا ہے۔ ایک مؤقر قومی اخبار کے مطابق سعودی قیادت نے حالیہ دنوں میں اپنے وزیر خزانہ کو پاکستان بھیجا، جنہوں نے پاکستانی حکام کو یقین دہانی کرائی کہ ایک خلیجی ملک کی جانب سے تقریباً 3 ارب ڈالر کی واپسی سے پیدا ہونے والا زرِ مبادلہ کا خلا سعودی عرب پورا کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اسی مالیت کا ڈپازٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں رکھے گا، جس سے ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔ حکام نے اس اقدام کو “غیر معمولی اور خصوصی” قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک میں پہلے ہی سعودی عرب کے تقریباً 5 ارب ڈالر کے ڈپازٹس موجود ہیں۔ پاکستانی سول و عسکری قیادت نے اس بروقت تعاون پر سعودی ولی عہد کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ولی عہد سے ملاقات میں اس مالی تعاون پر اظہارِ تشکر کریں گے۔ اس موقع پر وہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی کوششوں اور اسلام آباد میں ممکنہ مذاکرات سے متعلق بھی سعودی قیادت کو آگاہ کریں گے۔

ماہرین کے مطابق سعودی عرب کا یہ تعاون نہ صرف پاکستان کی معاشی صورتحال کو سہارا دے گا بلکہ خطے میں استحکام اور سفارتی روابط کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

Scroll to Top