معروف پاکستانی اداکارہ مومنہ اقبال سے متعلق کیس میں نیا موڑ سامنے آیا ہے، جہاں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اداکارہ مومنہ اقبال اور ثاقب چدھڑ کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
این سی سی آئی اے کے ترجمان کے مطابق دونوں افراد کو نئے ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جبکہ معاملے کی ازسرِنو تحقیقات کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدے کا افسر کرے گا۔ ٹیم نئے ڈیجیٹل شواہد، سابقہ ریکارڈ اور دیگر متعلقہ معلومات کا تفصیلی جائزہ لے گی۔
این سی سی آئی اے کا کہنا ہے کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم ایک ماہ کے اندر تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کو پیش کرے گی، جس کے بعد تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں آئندہ قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مومنہ اقبال نے اس حوالے سے کہا کہ یہ خبر سراسر غلط ہے کہ دوسری پارٹی بے گناہ ثابت ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ این سی سی آئی اے نے تحقیقات کے لیے مزید وقت مانگا ہے اور تحقیقات میں ابھی مزید وقت لگے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ہراسانی کیس، اداکارہ مومنہ اقبال کھل کر سامنے آ گئیں
اداکارہ مومنہ اقبال نے مزید کہا کہ معاملے میں جو کچھ ہوا ہے، وہ پورا پاکستان جانتا ہے۔





