ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے معروف قبائلی رہنما ملک نصیر کوکی خیل نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے امن قائم کرنے کے دعوؤں کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تحصیل جمرود میں ایک قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ اپنی ہی تحصیل میں امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہیں، لیکن قومی سطح پر بڑے بڑے دعوے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روزانہ نئے بیانات دے کر عوام کو حیران کیا جا رہا ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔
ملک نصیر کوکی خیل نے طنزیہ انداز میں کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ جب مقامی سطح پر امن و امان کی صورتحال بہتر نہیں ہو سکی تو پورے ملک میں امن قائم کرنے کے دعوے کیسے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایسے دعوے عوام کے لیے کسی مذاق سے کم نہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کو چاہیے کہ وہ پہلے اپنی تحصیل جمرود میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنائیں، اس کے بعد قومی سطح پر دعوے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو عملی اقدامات درکار ہیں، نہ کہ روزانہ کی بنیاد پر دیے جانے والے بیانات۔
آخر میں انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ امن و امان کے قیام کے لیے سنجیدہ اور مؤثر حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





