خیبر پختونخوا حکومت نے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور روزگار کے مواقع سے جوڑنے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے بی ایس مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے ’’احساس انٹرن شپ پروگرام‘‘ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پروگرام کے تحت صوبے کے ڈومیسائل ہولڈرز اور بی ایس کے فارغ التحصیل طلبہ کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، جنہیں ماہانہ 25 ہزار روپے معاوضہ دیا جائے گا۔
اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مجوزہ پروگرام پر وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کو بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ انٹرن شپ کا دورانیہ کم از کم دو اور زیادہ سے زیادہ چھ ماہ ہوگا۔
حکام کے مطابق پروگرام کے لیے 3.0 جی پی اے یا اس سے زائد حاصل کرنے والے طلبہ اہل ہوں گے۔ اس کے مؤثر نفاذ کے لیے جامعات اور ڈگری کالجز کی سطح پر کوآرڈینیشن دفاتر بھی قائم کیے جائیں گے۔
وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ جلد اس “احساس انٹرن شپ پروگرام” کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام نوجوانوں کو عملی تجربہ فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔





