الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے مہلت دینے کی خیبرپختونخوا حکومت کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کردہ خط میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
صوبائی حکومت نے بلدیاتی انتخابات سے قبل نئی قانون سازی اور امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر اضافی وقت دینے کی درخواست کی تھی، تاہم الیکشن کمیشن نے یہ مؤقف تسلیم نہیں کیا۔
خط کے مطابق حلقہ بندیوں کے عمل کے لیے صوبائی حکومت کی مشاورت لازمی نہیں، جبکہ موسم اور سیکیورٹی حالات کو حلقہ بندی میں رکاوٹ قرار دینے کا مؤقف بھی مسترد کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ صوبائی حکومت کا مؤقف غیر تسلی بخش ہے اور آئینی ذمہ داری کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا۔
مزید کہا گیا ہے کہ مردم شماری یا ووٹر لسٹوں کے بغیر بھی ابتدائی حلقہ بندیاں ممکن ہیں، لہٰذا صوبائی حکومت حلقہ بندی کے عمل کو فوری طور پر تیز کرے۔





