امریکی اخبار نیو یارک پوسٹ کی صحافی کیٹلِن ڈورنبوس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا ہے کہ ایران کے ساتھ ممکنہ مذاکرات پاکستان میں ہو سکتے ہیں، اگلے 2 دن میں بڑی خبر آسکتی ہے۔
صحافی کیٹلِن ڈورنبوس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی امریکا واپسی طے تھی تاہم صدر ٹرمپ سے گفتگو کے دوران صورتحال بدل گئی۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ نے انہیں واپس آنے کا کہا مگر صرف 37 منٹ بعد دوبارہ فون کر کے مشورہ دیا کہ وہ اسلام آباد میں ہی رکیں کیونکہ یہاں چیزیں ہو رہی ہیں اور اگلے 48 گھنٹوں میں بڑی خبر آ سکتی ہے۔
Additional US-Iran peace talks “could be happening over next two days” in Pakistan’s capital, President Trump told me today.
— Caitlin Doornbos (@CaitlinDoornbos) April 14, 2026
کیٹلِن ڈورنبوس کا کہنا تھا کہ صدر کی ہدایت کے بعد انہوں نے اسلام آباد میں مزید قیام کا فیصلہ کیا اور اپنے ایڈیٹر کو بھی آگاہ کیا کہ انہیں چند روز مزید رکنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایران سے مذاکرات کا اگلا دور پاکستان میں ہوسکتا ہے، ٹرمپ
صحافی کیٹلِن ڈورنبوس نے اسے اپنے کیریئر کا غیر معمولی لمحہ قرار دیا اور کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ کسی صدر نے انہیں ذاتی طور پر دو مرتبہ فون کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ صدر ٹرمپ کی رائے میں واضح تبدیلی آئی ہے اور وہ نیو یارک پوسٹ کو اہمیت دیتے ہیں، صدر ٹرمپ نے اس خواہش کا اظہار بھی کیا کہ وہ نہیں چاہتے کہ صحافی کسی بڑی خبر سے محروم رہیں۔
صحافی کے مطابق صدر ٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ وہاں جانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ بہت اچھا کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مذاکرات ایسے ملک میں ہونے چاہئیں جو اس معاملے سے متعلق ہو جس کے لیے پاکستان کو ایک موزوں مقام قرار دیا جا رہا ہے۔




