امریکی ناکہ بندی کتنی مؤثر؟کتنے جہاز رکے اور کتنے نکل گئے؟ رپورٹ سامنے آگئی

امریکی ناکہ بندی کتنی مؤثر؟کتنے جہاز رکے اور کتنے نکل گئے؟ رپورٹ سامنے آگئی

شدید کشیدگی کے باوجود سمندری گزرگاہ فعال،آبنائے ہرمز سے 24 گھنٹوں میں 20 سے زائد تجارتی جہاز گزر گئے۔

تفصیلات کے مطابق عالمی سمندری تجارت کی اہم ترین گزرگاہ آبنائے ہرمز میں کشیدگی کے باوجود بحری ٹریفک جاری ہے، جہاں امریکی ناکہ بندی کے باوجود گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 20 سے زائد تجارتی جہاز کامیابی سے گزر گئے ہیں۔

یہ انکشاف ایک امریکی جریدے کی تازہ رپورٹ میں کیا گیا ہے، جس کے مطابق خطے میں بڑھتی ہوئی نگرانی اور سیکیورٹی اقدامات کے باوجود تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر متاثر نہیں ہوئیں۔

اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے دعویٰ کیا تھا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے ابتدائی 24 گھنٹوں میں 6 بحری جہازوں کو واپس بھیج دیا گیا تھا، جبکہ کسی بھی ایرانی جہاز کو گزرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔

سینٹ کام کے مطابق خطے میں وسیع پیمانے پر فوجی تعیناتی جاری ہے، جس میں 10 ہزار سے زائد سیلرز، میرینز اور ایئرمین شامل ہیں۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات خاص طور پر ایران کی بندرگاہوں کی جانب آنے اور جانے والے جہازوں کو ہدف بناتے ہیں۔

امریکی مؤقف کے مطابق ایران کے علاوہ خلیج کی دیگر تمام بندرگاہوں کے لیے بحری آمد و رفت معمول کے مطابق جاری ہے، تاہم مجموعی صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور عالمی سطح پر اس کے ممکنہ اثرات پر قریبی نظر رکھی جا رہی ہے۔

Scroll to Top