صوبائی دارالحکومت پشاور میں تعلیمی منصوبے میں مبینہ کرپشن کا انکشاف، 106 ملین روپے کی خردبرد کی رپورٹ سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت پشاور میں ورلڈ بینک کے تعاون سے تعلیمی معیار بہتر بنانے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے ایک منصوبے میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ نے اس معاملے کی مکمل تحقیقات کے بعد اپنی رپورٹ تیار کر لی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم کے منصوبے میں 10 کروڑ 60 لاکھ روپے (106 ملین روپے) کی مبینہ خردبرد سامنے آئی ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ منصوبے میں مالی بے ضابطگیوں کے واضح شواہد ملنے کے بعد ذمہ داران کا تعین بھی کر لیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیت تین افسران کو مبینہ طور پر اس بے ضابطگی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، جن کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ رپورٹ کو مزید کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو بھجوا دیا گیا ہے، جبکہ معاملے کی مزید چھان بین جاری ہے تاکہ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔





