بنوں: صوبائی وزیر پختونیار خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بنوں کینٹ حملے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی۔
ان کے ہمراہ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ اور انسپکٹر جنرل پولیس ذوالفقار حمید بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر، چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے زخمیوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ حکام نے ہسپتال میں دستیاب طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال نے حکام کو علاج معالجے کی فراہمی اور زخمیوں کی صحت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر کمشنر بنوں ڈویژن محمد علی شاہ، ریجنل پولیس آفیسر عمران شاہد، ڈپٹی کمشنر بنوں عبدالحمید خان، ڈی پی او ضیاء الدین اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔