کرک : کرک میں غیر قانونی سونے کی کان کنی اور مائننگ سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، جس کے تحت آئندہ 60 روز تک متعلقہ علاقوں میں تمام غیر قانونی سرگرمیوں پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ دریائی علاقوں میں جاری غیر قانونی کھدائی اور سونے کی نکاسی کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ صوابی، نوشہرہ اور کوہاٹ میں بھی غیر قانونی مائننگ اور سونے کی نکاسی پر مکمل پابندی نافذ کر دی گئی ہے۔
انتظامیہ کے مطابق دریائے سندھ اور دریائے کابل کے کناروں پر جاری غیر قانونی کھدائی نہ صرف ماحولیاتی نقصان کا باعث بن رہی ہے بلکہ قیمتی سرکاری وسائل کے غیر قانونی استعمال کا بھی سبب بن رہی ہے۔
اسی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اضلاع میں نگرانی کا نظام مزید سخت کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پونے ایئرپورٹ پر جدید طیارے کو حادثہ – بھارتی فضائیہ کی حادثے کو چھپانے کی کوشش
حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ قدرتی وسائل کا تحفظ اور ماحولیاتی نظام کو مزید نقصان سے بچانا ان اقدامات کا بنیادی مقصد ہے۔





