مردان میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے دوران کارکنان اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی۔
جلسہ گاہ میں داخلے اور سیکیورٹی چیکنگ کے دوران پی ٹی آئی کارکنان اور سیکیورٹی اہلکاروں کے درمیان بدتمیزی اور تلخ کلامی کے واقعات پیش آئے، جس کے باعث کچھ دیر کے لیے ماحول کشیدہ ہو گیا۔
مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مظاہروں کے باعث ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور مرکزی سڑکیں بند ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتجاج کے باعث متعدد اہم شاہراہوں پر آمدورفت معطل ہو گئی، جس سے نہ صرف ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوئی بلکہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی متاثر ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: مردان میں مکمل لاک ڈاؤن جیسی صورتحال! خار دار تاریں، کاروبار ٹھپ، مردان جلسہ شہریوں کیلئے عذاب بن گیا
اس صورتحال پر شہریوں کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں۔ ایک شہری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار بار سڑکوں کی بندش سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ایسے احتجاج سے عام آدمی کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔
شہری کا کہنا تھا کہ “سڑک بند کرنا ایک غلط عمل ہے، اس سے صرف عوام کو نقصان پہنچتا ہے۔” انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کے مطابق سیاسی جماعتیں اکثر احتجاجی سرگرمیوں پر زیادہ توجہ دیتی ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں کی طرف کم توجہ دی جاتی ہے۔





