سکیورٹی فورسز نے ضلع بنوں میں خفیہ اطلاع پر کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ کارروائی 19 اپریل کو کی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں فتنۃ الخوارج کا اہم رنگ لیڈر وحیداللہ عرف مختیار اور ایک خودکش حملہ آور شامل ہیں۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے خودکش جیکٹ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وحیداللہ انتہائی مطلوب دہشت گرد تھا اور سیکیورٹی فورسز اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث رہا ہے۔ وہ 21 فروری 2026 کو بنوں میں ہونے والے خودکش حملے کا مرکزی سہولت کار بھی تھا، جس میں لیفٹیننٹ کرنل گل فراز شہید ہوئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑے ممکنہ دہشت گرد حملے کو بھی ناکام بنایا۔ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے نیشنل ایکشن پلان اور “عزمِ استحکام” وژن کے تحت ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی کارروائیاں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہیں۔





